واشنگٹن27ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکا نے پورٹو ریکو میں اپنے فوجی دستوں کی تعداد بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پینٹاگون کے مطابق یہ فوجی امریکا کے زیر انتظام اس جزیرے پر سمندری طوفان ماریا سے ہونے والی تباہی کے بعد تعمیر نو کے کاموں میں حصہ لیں گے۔ پورٹو ریکو میں تقریباً ساڑھے تین ملین امریکی شہریوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی کمی کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے سولہ جہاز پورٹو ریکو کے پانیوں میں پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید دس ابھی راستے میں ہیں۔ سمندری طوفان ماریا کی زد میں آ کر اس جزیرے پر سولہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔